اسلام آباد: سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو آج ہی شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دے دیا، جہاں ان کا مکمل طبی معائنہ کیا جائے گا۔ عدالت نے علاج کے لیے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔
سماعت کے دوران عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے علاج، میڈیکل رپورٹس، اہلخانہ سے ملاقاتوں اور نجی ہسپتال منتقلی کی وجوہات سے متعلق مختلف سوالات کیے۔ جسٹس شاہد وحید نے استفسار کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے کس بہن کی ملاقات ہونی چاہیے، جس پر وکیل عزیر بھنڈاری نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈاکٹر عظمیٰ خان خود ڈاکٹر ہیں، اس لیے ان کی ملاقات کرائی جائے۔
عدالت نے نجی ہسپتال میں علاج کے اخراجات سے متعلق بھی استفسار کیا، جس پر وکیل نے بتایا کہ ہسپتال کے اخراجات بانی پی ٹی آئی کی فیملی برداشت کرے گی۔ عدالت نے ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر عظمیٰ خان کو بھی عمران خان کے ہمراہ ہسپتال میں موجود رہنے کی اجازت دے دی۔
سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو آئندہ سماعت تک شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں رکھنے اور اہلخانہ کو ہفتے میں ایک روز ملاقات کی اجازت دینے کی ہدایت کی۔ عدالت نے پی ٹی آئی کو ہسپتال کے باہر کسی جلسے یا احتجاج سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
عدالت نے ہدایت کی کہ عمران خان کو سخت سکیورٹی میں ہسپتال منتقل کیا جائے اور ہسپتال کے باہر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جائے۔ کیس کی مزید سماعت 16 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔