اسلام آباد:سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عملدرآمد کیا جائے گا، وزیراعظم یا حکومت کے پاس عدالتوں کے فیصلے تبدیل کرنے کا کوئی اختیار نہیں۔
طارق فضل چودھری نے کہا کہ آج پی ٹی آئی کے سینیٹرز کو سپریم کورٹ کی تعریف کرتے دیکھا گیا، پی ٹی آئی کو یقین ہوگیا ہے کہ عدالتیں انصاف کر رہی ہیں۔ عدالتیں ہی واحد چینل ہیں جس کے ذریعے رہائی کا کوئی راستہ بنتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا یہ اعتراف خوش آئند ہے کہ ملک کی عدالتیں میرٹ پر فیصلے کر رہی ہیں اور انصاف فراہم کر رہی ہیں۔ پی ٹی آئی کے مقدمات اور رہائی کے معاملے کا فیصلہ عدالتوں نے ہی کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں اپوزیشن رہنماؤں نے بھی عدالتوں کا سامنا کیا اور رہائی عدالتوں ہی کے ذریعے حاصل کی۔ پرامن احتجاج تمام شہریوں اور تنظیموں کا آئینی و قانونی حق ہے۔
طارق فضل چودھری نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کے تحفظات پر ان سے مذاکرات کیے گئے اور معاملے کو پرامن طریقے سے حل کیا گیا۔