اسلام آباد( جاوید نور)وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں نیشنل الیکٹریسٹی پلان 2023-2027 میں ترامیم کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں پاور ڈویژن کی جانب سے نیشنل الیکٹریسٹی پلان میں مجوزہ ترامیم پیش کی گئیں۔ ترامیم میں توانائی کے شعبے میں مربوط منصوبہ بندی، بجلی کی پیداوار میں اضافے، دور دراز علاقوں میں قابل تجدید ذرائع سے بجلی کی فراہمی اور بجلی کی کراس بارڈر تجارت سے متعلق امور شامل ہیں۔
ترمیم شدہ پلان میں ترسیلی نظام کی توسیع، ٹیرف ڈیزائن، بجلی کی بچت، سسٹم اور مارکیٹ آپریشنز، خطرات کی نشاندہی اور انتظامی امور کے علاوہ ایندھن و ٹیکنالوجی کی مقامی سطح پر استعداد بہتر بنانے پر بھی توجہ دی گئی ہے۔
اجلاس میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ اور توانائی کے شعبے میں ڈیجیٹائزیشن سے متعلق ترامیم بھی منظور کی گئیں۔
کابینہ کمیٹی نے ہدایت کی کہ منظور شدہ ترامیم کے حوالے سے حکومت خیبر پختونخوا اور نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے مزید مشاورت کی جائے۔