اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے گوگل کے پاکستان آفس کا افتتاح کردیا، اس موقع پر گوگل کے نائب صدر ولسن، امریکی ناظم الامور اور وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ بھی موجود تھیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گوگل کے نائب صدر ولسن اور ان کی ٹیم کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ گوگل دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ہے اور پاکستان میں اس کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان گوگل کے لیے ایک اہم اور خوبصورت نئے سفر کا آغاز ہے۔ گوگل پاکستان میں نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے اور ٹیکنالوجی کے شعبے کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
گوگل کے نائب صدر ولسن نے کہا کہ کمپنی پاکستان کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری کی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل معیشت کے فروغ، نوجوانوں کے لیے ٹیکنالوجی کے شعبے میں مواقع پیدا کرنے اور عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔