بانی پی ٹی آئی  کی ہسپتال منتقلی کا حکم، حکومت کا سپریم کورٹ سے نظرثانی کا فیصلہ

حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے اور حکم نامے کے مختلف نکات کا جائزہ لیا ، جس کے بعد فیصلے پر ازسرنو غور کے لیے عدالت سے رجوع کیا جائے گا:وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ

09:39 PM, 18 Aug, 2026

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی  کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کے سپریم کورٹ کے حکم پر نظرثانی کے لیے عدالت عظمیٰ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے اور حکم نامے کے مختلف نکات کا جائزہ لیا ہے، جس کے بعد فیصلے پر ازسرنو غور کے لیے عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔

اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ جیلوں میں بہت سے ایسے قیدی موجود ہیں جنہیں صحت کے مسائل کا سامنا ہے، جبکہ سزا یافتہ قیدیوں کو سرکاری اسپتالوں میں علاج کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔

وزیر قانون نے سوال اٹھایا کہ کیا سپریم کورٹ کا یہ حکم تمام قیدیوں کے لیے بھی ہوگا؟ ان کے مطابق حکومت نے عدالتی حکم کے قانونی اور انتظامی پہلوؤں کا جائزہ لیا ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے آج عمران خان کو طبی معائنے اور علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے طبی معائنے اور علاج کے لیے ماہرین پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔

مزیدخبریں