ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند، موٹرویز بند، فضائی آلودگی میں اضافہ

09:57 AM, 18 Dec, 2025

لاہور : ملک بھر میں شدید دھند کی وجہ سے حد نگاہ متاثر ہو گئی ہے جس کے باعث موٹرویز کے مختلف سیکشنز بند کر دیے گئے ہیں۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق، ایم 1 پشاور سے صوابی، ایم 4 شیر شاہ سے شام کوٹ، ایم 5 شیر شاہ سے روہڑی اور ایم 11 لاہور سے سمبڑیال تک کو بند رکھا گیا ہے۔ دھند کے سبب قومی شاہراہوں پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے، اور حکام نے شہریوں کو غیرضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی بھی سنگین سطح تک پہنچ گئی ہے۔ پشاور 577 ایئر پارٹیکولیٹ میٹر (پی ایم 2.5) کے ساتھ ملک کا آلودہ ترین شہر بن چکا ہے۔ عالمی ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق، گوجرانوالہ کا ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 344 اور گجرات کا 249 ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ لاہور 225 ایئر انڈیکس کے ساتھ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر ہے۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی فضائی آلودگی میں اضافہ ہوا ہے۔ محکمہ ماحولیات پنجاب کے مطابق، رحیم یار خان اور سیالکوٹ 500 اے کیو آئی کے ساتھ پنجاب کے سب سے زیادہ آلودہ شہر ہیں، جبکہ خانیوال کا ایئر انڈیکس 371 اور نارووال کا 353 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اس صورتحال میں شہریوں کو صحت کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، خاص طور پر بچوں، بوڑھوں اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد کو باہر جانے سے گریز کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

مزیدخبریں