بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

12:09 PM, 18 Dec, 2025

اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کی جانب سے چناب کے بہاؤ میں اچانک تبدیلی کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر نوٹس لے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دریاؤں سے متعلق کوئی یکطرفہ اقدام پاکستان کے لیے قابل قبول نہیں ہے اور بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ سندھ طاس معاہدے پر بین الاقوامی قوانین موجود ہیں اور دریائے چناب کے بہاؤ میں اچانک تبدیلی انتہائی تشویشناک ہے۔ "عالمی برادری کو بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کا نوٹس لینا چاہیے"، انہوں نے کہا۔

طاہر حسین اندرابی نے بتایا کہ دسمبر سے دریائے چناب میں پانی کی سطح میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ دیکھا گیا ہے، اور بھارت کی جانب سے بغیر اطلاع پانی چھوڑنے کے اقدام پر پاکستان کو شدید تحفظات ہیں۔

پاکستان نے اس کے ساتھ ساتھ بھارتی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ کے مسلم خاتون ڈاکٹر سے ہتک آمیز سلوک کی بھی مذمت کی، اور کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کو ناروا سلوک کا سامنا ہے۔ دفتر خارجہ نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے اقلیتی شہریوں کے حقوق، خاص طور پر مذہبی آزادی کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

مزیدخبریں