سینیٹ انتخابات: یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض مسترد

The Election Commission has rejected the objection raised on the nomination papers of Yousuf Raza Gilani
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات کیلئے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی پر اپنا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

خیال رہے کہ حکمران جماعت تحریک انصاف کے رہنما فرید رحمان کی جانب سے یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض کیا گیا ہے۔

کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے موقع پر تحریک انصاف کے وکیل الیکشن کمیشن پیش ہوئے اور کہا کہ پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی آئین کے آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ پر پورا نہیں اترتے، انھیں ماضی میں عدالت عالیہ کی جانب سے تاحیات نااہل کر دیا گیا تھا کیونکہ انہوں نے اپنے عہدے کے حلف کی پاسداری نہیں کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کیخلاف قومی احتساب بیورو (نیب) میں بھی ریفرنس دائر ہیں، اس لئے انھیں سینیٹ کا انتخاب لڑنے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے۔

تاہم دوسری جانب یوسف رضا گیلانی کے وکیل نے جرح کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین ان کیسز کو جواز بنا رہے ہیں جن کا ابھی تک فیصلہ ہی نہیں آیا اور عدالتوں میں زیر التوا کیسوں کا ہی حوالہ دیا جا رہا ہے۔

وکیل نے کہا کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے اپنے دور اقتدار میں لاکھوں فیصلے کئے ان میں صرف کچھ ریفرنس میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کیسوں کے زیر التوا ہونے سے کسی امیدوار کو الیکشن لڑنے سے منع کرنے کی کوئی وجہ نہیں بنتی۔

دونوں جانب سے دلائل سننے کے بع الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ریٹرننگ آفیسر نے پی ٹی آئی کی جانب سے یوسف رضا گیلانی کے کاغذات پر لگائے گئے اعتراضات پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا، جو آج صبح 9 بجے سنا دیا گیا ہے۔