لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم ملتان سلطانز کے کپتان اور قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ٹی 20 کی ایک اننگز میں دو سنچری شراکت بنانے والے پاکستان کے پہلے اور دنیا کے 9ویں بلے باز بن گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق محمد رضوان نے یہ اعزاز جمعہ کے روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف کھیلے گئے میچ میں اپنے نام کیا اور ملتان سلطانز نے 117 رنز سے تاریخی فتح حاصل کی۔ محمد رضوان نے پہلے شان مسعود کے ساتھ 119 رنز کی شراکت داری قائم کی اور پھر ریلی روسو کے ساتھ 103 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔
پاکستان میں ہونے والے ٹی 20 میچز کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے جب کسی ایک میچ کی ایک ہی اننگز میں 2 مرتبہ سنچری شراکت داری قائم ہوئی جبکہ دنیائے کرکٹ میں ایسا 12 ویں مرتبہ ہوا ہے۔
قبل ازیں اس فہرست میں ایرون فنچ، ول ینگ، ٹام کوہلر کیڈمور، ڈیوڈ وارنر، ریان پٹھان، ڈیوون کونوے، بی پی چپنگو اور ایڈم لیتھ اپنا نام لکھوا چکے ہیں۔ محمد رضوان یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے پاکستانی اور دنیا کے 9 ویں بلے باز ہیں۔
محمد رضوان نے منفرد اعزاز اپنے نام کر لیا
09:45 PM, 18 Feb, 2022