پشاور: پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ہے، جس کے بعد ملک بھر میں کل 19 فروری کو پہلا روزہ رکھنے کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔
رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس آج پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔ ملک کے مختلف حصوں سے چاند کی شہادتیں موصول ہونے کے بعد چیئرمین نے چاند نظر آنے کا باقاعدہ اعلان کیا۔
اجلاس میں مذہبی و سائنسی ماہرین نے شرکت کی تاکہ شہادتوں کی جانچ پڑتال جدید سائنسی بنیادوں پر کی جا سکے۔ شرکاء میں ڈی جی وزارت مذہبی امور: حافظ عبدالقدوس، سپارکو کے نمائندے: شوکت اللہ، محکمہ موسمیات کے نمائندے: ڈاکٹر حسن علی بیگ، وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی: زین العابدین حکام شامل تھے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ملک کے طول و عرض سے مستند شہادتیں موصول ہوئیں، جس کے بعد اتفاقِ رائے سے کل 19 فروری کو پہلے روزے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس اعلان کے ساتھ ہی ملک بھر میں نمازِ تراویح کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ملک بھر میں رمضان کا چاند نظر آگیا، کل 19 فروری کو پہلا روزہ ہوگا
07:17 PM, 18 Feb, 2026