سوئی سدرن کا رمضان کے دوران سحر و افطار کے لیے خصوصی گیس شیڈول جاری

08:07 PM, 18 Feb, 2026

کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC) نے رمضان المبارک 1447 ہجری کے دوران صارفین کو سحر اور افطار کے اوقات میں بہتر گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے خصوصی شیڈول جاری کر دیا ہے۔

ایس ایس جی سی کے اعلامیے کے مطابق، رمضان کے دوران روزانہ صبح 3:00 بجے (سحری سے قبل) سے رات 10:30 بجے تک گیس کی فراہمی جاری رکھی جائے گی تاکہ صارفین سحری اور افطاری کے پکوان بلا تعطل تیار کر سکیں۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ ملک میں گیس کے ذخائر میں ہر سال تقریباً 10 فیصد کمی کے باعث مجموعی رسد متاثر ہو رہی ہے، تاہم حکومت پاکستان نے رمضان کے پیش نظر اضافی گیس کی فراہمی ممکن بنائی ہے تاکہ ضرورت کے مطابق استعمال کی جا سکے۔

سوئی سدرن نے صارفین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مقدس مہینے کے دوران گیس کے پریشر کو بہتر سطح پر برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اگر مقررہ اوقات کے دوران کسی صارف کو کم پریشر یا گیس کی بندش کا سامنا ہو تو وہ فوری طور پر 1199 ہیلپ لائن، موبائل ایپ یا قریبی کسٹمر فیسلٹی سینٹر سے رابطہ کر سکتا ہے۔ کمپنی کا عملہ شکایات کے ازالے کے لیے 24 گھنٹے دستیاب رہے گا۔

اعلامیے میں صارفین سے کہا گیا ہے کہ سحری اور افطار کے اوقات میں لاکھوں چولہوں کے بیک وقت استعمال کی وجہ سے گیس کا دباؤ متاثر ہو سکتا ہے، اس لیے گیس کا ذمہ دارانہ استعمال ضروری ہے اور بلا ضرورت چولہا نہ چھوڑا جائے تاکہ تمام صارفین کو ان کی ضرورت کے مطابق گیس میسر آ سکے۔

ساتھ ہی، ایس ایس جی سی نے گیس کمپریسر کے غیر قانونی استعمال کو غیر اخلاقی اور قابل سزا عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے دیگر صارفین متاثر ہوتے ہیں۔
 
 
 

مزیدخبریں