لاہور :لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں آ گئے ہیں جس کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے۔ دھند کے باعث مختلف موٹرویز اور اہم شاہراہوں پر ٹریفک معطل یا بند کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔
موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک بند کر دی گئی ہے، جبکہ ایم تھری فیض پور سے سمندری تک اور ایم فور پنڈی بھٹیاں سے گوجرہ تک دھند کے باعث ٹریفک کے لیے بند ہے۔ اسی طرح لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 پر بھی ٹریفک مکمل طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
دھند کی شدت کے پیش نظر لاہور ایسٹرن بائی پاس پر گاڑیوں کے داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ قومی شاہراہ کے مختلف علاقوں میں بھی دھند کا راج ہے، جن میں لاہور، مانگا منڈی، پھول نگر، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی، کسوال اور اقبال نگر شامل ہیں۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور دورانِ سفر فوگ لائٹس کے استعمال، رفتار کم رکھنے اور مناسب فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ حکام کے مطابق دھند چھٹنے تک بند شاہراہوں کو بحفاظت کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔