کراچی :کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں شدید آتشزدگی کے نتیجے میں گراؤنڈ اور میزنائن فلور مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئے، جبکہ آگ نے بالائی دو منزلوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعے کے باعث عمارت کے مختلف حصوں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں اور عمارت کا ایک حصہ بھی گر چکا ہے۔
پلازہ میں کپڑے، کراکری، پرفیومز، میک اپ، الیکٹرانکس اور کھلونوں کی 1200 سے زائد دکانیں موجود ہیں۔ ریسکیو ترجمان کے مطابق شدید تپش اور دھویں کی وجہ سے عمارت کے اندر داخل ہونا مشکل ہو گیا ہے، اور تیسرے درجے کی آگ کی وجہ سے عمارت کے پلر کمزور ہو گئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پلازے میں موجود آتش گیر سامان نے آگ کی شدت میں اضافہ کر دیا، جس کے باعث ریسکیو اور فائر فائٹنگ کی کارروائیاں مزید پیچیدہ ہو گئی ہیں۔ آگ پر قابو پانے کے لیے 20 فائر ٹینڈرز، 4 اسنارکل اور ایک واٹر باوزر استعمال کیے جا رہے ہیں، اور امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔