کراچی :وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی کو فوری انکوائری کی ہدایت دی ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ واقعے کی وجوہات معلوم کر کے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے، اور اگر کسی غفلت یا لاپرواہی کا ثبوت ملا تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے کراچی کی کمرشل عمارتوں میں فائر سیفٹی آڈٹ فوری کرانے اور آگ کے باعث جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے عمارت میں موجود فائر سیفٹی انتظامات کی جانچ بھی کرانے کی ہدایت دی۔
سندھ حکومت کے ترجمان کے مطابق تمام وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں اور حکومت کی کوشش ہے کہ آگ پر جلد از جلد قابو پایا جائے۔ ریسکیو اور فائر فائٹنگ ٹیمیں متاثرہ عمارت میں کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔