کراچی:کراچی کے گل پلازہ میں شدید آتشزدگی کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو کمشنر کراچی اور ڈی سی ساؤتھ نے تفصیلی رپورٹ پیش کی۔
بریفنگ کے مطابق، آگ کا واقعہ رات 9:45 سے 10:15 بجے کے درمیان پیش آیا، جس کے نتیجے میں تقریباً 1200 سے زائد دکانیں جل گئیں۔ حادثے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے اور متعدد زخمی ہوئے، جنہیں سول اسپتال کراچی کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا ہے۔
امدادی کارروائی کے دوران 22 فائر بریگیڈ کی گاڑیاں، 10 واٹر باؤزرز اور 4 سنارکل گاڑیاں استعمال کی گئیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ آگ پر تقریباً 60 سے 70 فیصد قابو پایا جا چکا ہے، تاہم 16 گھنٹے گزرنے کے باوجود اسے مکمل طور پر بجھانا ممکن نہیں ہو سکا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور آگ بجھانے کے دوران شہید ہونے والے فائر فائٹر کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فائر فائٹرز نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر شہریوں کی زندگیوں کو بچایا۔