افغان فورسز اور طالبان کے درمیان شدید جھڑپیں

افغان فورسز اور طالبان کے درمیان شدید جھڑپیں

کابل: افغان سیکیورٹی فورسز نے اس بات کا دعوی کیا ہے طالبان اور ان کے درمیان جاری رہنے والی شدید جھڑپوں کے بعد صوبہ ہلمند کے اہم ترین ضلعے نوا بارکزئی کو طالبان کے قبضے سے چھڑا لیا ہے ۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغان حکام کا کہنا ہے کہ طالبان کے مضبوط ترین گڑھ سمجھے جانے والے صوبے ہلمند میں افغان فورسز کی پیش قدمی کا سلسلہ جاری ہے۔ افغان فورسز نے دو روز تک جاری رہنے والے شدید لڑائی کے بعد صوبہ ہلمند کے دارالحکومت لشکر گاہ کے جنوب میں واقع اہم ضلعے نوابارکزئی سے طالبان کا قبضہ چھڑا لیا اور اس دوران طالبان کے 50 سے زائد جنگجووئوں کو بھی ہلاک کیا گیاہے۔
افغان وزارت دفاع کے ترجمان دولت وزیری نے اس بات کی تصدیق کی اور کہا کہ افغان فوسرز نے ضلعے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے اور اس دوران طالبان کے زیر استعمال گاڑیاں اور آلات بھی تباہ کیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری رہے گا ۔
خیال رہے کہ اس آپریشن میں افغان فورسز کو امریکی فوجی مشیروں، امریکی ایف سولہ طیاروں اور اپاچی ہیلی کاپٹرز کی فضائی معاونت بھی حاصل ہے اور وہ طالبان کو ہلمند کے دارالحکومت لشکر گاہ پر قبضہ کرنے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔