اسلام آباد: جمیعت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہمیں حضرت عمرؓ کے عدل اور صدیق اکبرؓ کی سچائی کو اپنا مشعل راہ بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اب راولپنڈی اور اسلام آباد کا معاملہ فرخ کھوکھر کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ مولانا مفتی محمود کے علم و فکر کو آگے بڑھایا جائے گا، اور فرخ کھوکھر کی شمولیت اس خطے میں مثبت تبدیلی کی علامت ہے۔
یہ بات مولانا فضل الرحمان نے فرخ کھوکھر کی جے یو آئی میں شمولیت کے موقع پر خطاب کے دوران کہی۔
انہوں نے کہا کہ فرخ کھوکھر کی پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہیں اور یقین دہانی کراتے ہیں کہ وہ پاکستان میں شریعت کے نفاذ کے لیے موثر کردار ادا کریں گے۔ چاہے اسلامی نظام کا نفاذ ہو، آئین کو اسلامی بنانا ہو یا اسمبلی میں ختم نبوت کے تحفظ کا مسئلہ ہو، جے یو آئی ہمیشہ اس حوالے سے فرنٹ لائن پر رہے گی۔
مولانا فضل الرحمان نے ناموس رسالت ﷺ کی توہین کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ملک میں ایک مخصوص گروہ ایسا ماحول بنا رہا ہے جسے روکنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہائی کورٹ اپنا متنازعہ فیصلہ واپس نہ لے تو سپریم کورٹ سے رجوع کرنا پڑے گا۔ اگر ختم نبوت کے احترام کو نظر انداز کیا گیا تو ہم بھرپور اور جرات مندانہ ردعمل دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، عوام کو ان کے حقوق ملنے چاہئیں، ورنہ ہم وہ حقوق خود حاصل کریں گے۔ مہنگائی نے عوام کی زندگی کو مشکل بنا دیا ہے اور قوم بے بسی کی حالت میں ہے۔ جب تک انقلاب نہیں آئے گا، تبدیلی ممکن نہیں اور عوام کو ان کے حقوق نہیں ملیں گے۔