لاہور : لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے 19 جولائی کو مجوزہ ملک گیر ہڑتال کے فیصلے پر قائم رہنے کا اعلان کر دیا ہے، جب کہ حکومت کی مذاکراتی کوششیں تاحال ناکام ہو گئی ہیں۔
لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوزرشاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان، نائب صدر شاہد نذیر چوہدری اور دیگر عہدیداروں نے ایک زوم اجلاس میں حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ بات چیت کی، تاہم فریقین کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکے۔
یہ اجلاس وزیرِ اعظم کے مشیر ہارون اختر کی سربراہی میں بنائی گئی حکومتی کمیٹی کی جانب سے منعقد کیا گیا، جس کا مقصد ملک بھر کی تاجر تنظیموں اور چیمبرز کو ہڑتال مؤخر کرنے پر آمادہ کرنا تھا۔
ایف بی آر کی طرف سے بجٹ ٹیکس اصلاحات پر تاجر برادری نے اپنی شدید تشویش ظاہر کی ہے۔ اور اگر حکومت ان ترامیم کو واپس نہیں لیتی تو 19 جولائی کو مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔
زوم اجلاس میں لاہور چیمبر کی قیادت کے ساتھ ساتھ پی پی پی اتحاد کے چیئرمین میاں انجم نثار، پی بی جی کے چیئرمین علی حسام اصغر، سابق صدر محمد علی میاں اور ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن خرم لودھی بھی شریک تھے۔لاہور ایوان صنعت وتجارت
کے میاں ابوزرشاد نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ چیمبر 19 جولائی کی ہڑتال کا فیصلہ برقرار رکھے گا کیونکہ حکومتی وعدے تاجر برادری کو مطمئن نہیں کر سکے۔