امریکا نے طلبہ اور صحافیوں کے ویزوں کی مدت محدود کردی، توسیع کے لیے سخت شرائط عائد

03:18 PM, 18 Jul, 2026

واشنگٹن: امریکا نے غیر ملکی طلبہ، ثقافتی تبادلہ پروگرام کے شرکاء اور صحافیوں کے ویزوں سے متعلق نئے قواعد جاری کردیئے ہیں، جن کے تحت ویزوں کی مدت مقرر اور توسیع کو سخت کیا گیا ہے۔

امریکی محکمۂ داخلی سلامتی کے نئے ضابطے کے مطابق بین الاقوامی طلبہ کے ایف ویزے، تبادلہ پروگرام کے جے ویزے اور غیر ملکی صحافیوں کے آئی ویزے اب ایک مخصوص مدت کے لیے جاری کیے جائیں گے۔

نئے قواعد کے تحت ایف اور جے ویزا رکھنے والے افراد کو زیادہ سے زیادہ 4 سال تک امریکا میں قیام کی اجازت ہوگی، جبکہ صحافیوں کے آئی ویزے کی مدت 240 دن مقرر کی گئی ہے۔ تاہم چینی صحافیوں کے لیے ویزے کی مدت 90 دن تک محدود ہوگی۔

امریکی حکام کے مطابق ویزے میں توسیع کے لیے درخواست دینے والے افراد کو بائیومیٹرک تصدیق، پسِ منظر کی جانچ پڑتال اور دیگر سیکیورٹی مراحل مکمل کرنا ہوں گے۔

امریکی محکمۂ خارجہ نے ایف ون ویزا رکھنے والے طلبہ کے لیے امریکا چھوڑنے کی رعایتی مدت بھی 60 دن سے کم کرکے 30 دن کردی ہے، جبکہ ایف اور جے ویزوں میں توسیع وفاقی منظوری سے مشروط ہوگی۔

نئے ضابطے کے مطابق یہ اقدامات فیڈرل رجسٹر میں اشاعت کے بعد 60 روزہ جائزے کے عمل کی تکمیل کے بعد نافذ العمل ہوں گے۔

مزیدخبریں