ایران میں اسرائیلی حملوں میں شہادتوں کی تعداد 585 ہوگئی ، 1326 افراد زخمی

11:48 AM, 18 Jun, 2025

واشنگٹن : انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹس نے انکشاف کیا ہے کہ حالیہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ایران بھر میں کم از کم 585 افراد جاں بحق اور 1326 زخمی ہو چکے ہیں۔

تنظیم کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 239 عام شہری اور 126 سیکیورٹی اہلکار شامل ہیں، جبکہ باقی افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ اعداد و شمار تنظیم کے مقامی ذرائع اور زمینی رپورٹس کی بنیاد پر مرتب کیے گئے ہیں۔

ایرانی حکومت کی جانب سے سرکاری طور پر ہلاکتوں اور زخمیوں کی تازہ تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ آخری مرتبہ پیر کو جاری کردہ حکومتی بیان میں 224 اموات اور 1277 زخمیوں کی تصدیق کی گئی تھی۔

ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹس نے واضح کیا ہے کہ وہ ایران میں موجود اپنے نیٹ ورک سے تصدیق شدہ معلومات اکٹھی کر کے عالمی برادری کو باخبر رکھ رہے ہیں۔ یاد رہے کہ اسی تنظیم نے 2022 میں مہسا امینی کی موت کے بعد ایران میں ہونے والے مظاہروں کے دوران بھی درست اور بروقت اعداد و شمار فراہم کیے تھے، جس پر انہیں عالمی سطح پر سراہا گیا تھا۔

مزیدخبریں