وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس، خطے کی صورتحال اور بجٹ پر غور

01:52 PM, 18 Jun, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس جاری ہے، جس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال، خاص طور پر ایران اسرائیل کشیدگی، آئندہ مالی سال کا بجٹ اور داخلی سکیورٹی سمیت اہم قومی امور پر غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اجلاس کے شرکا کو موجودہ علاقائی حالات اور سفارتی محاذ پر پیش رفت سے متعلق بریفنگ دے رہے ہیں۔

اجلاس میں آئندہ مالی سال 2025-2026 کے بجٹ کی منظوری کے لیے حکومتی حکمت عملی، اتحادی جماعتوں سے جاری مشاورت اور پارلیمانی حمایت کے اقدامات پر بھی گفتگو ہو رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے اور اعتماد بحال کرنے کے لیے مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے۔

اجلاس کے دوران خطے کی سکیورٹی صورتحال پر کابینہ کو باضابطہ بریفنگ دی جا رہی ہے، جس میں حالیہ عالمی کشیدگیوں کے پاکستان پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ پاکستان کے اعلیٰ سطحی سفارتی وفود کے حالیہ غیر ملکی دوروں اور ان کے نتائج پر بھی اجلاس میں تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ کابینہ کو ان دوروں کے دوران حاصل ہونے والی سفارتی کامیابیوں اور مستقبل میں بین الاقوامی تعاون کے امکانات پر بریف کیا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں