نیب کا اعظم سواتی کو نوٹس، فنڈز میں خرد برد کی انکوائری میں طلبی

08:21 PM, 18 Jun, 2025

پشاور :قومی احتساب بیورو (نیب) خیبر پختونخوا نے سابق وفاقی وزیر محمد اعظم خان سواتی کو سرکاری فنڈز میں مبینہ خرد برد کی انکوائری کے سلسلے میں طلب کر لیا ہے۔ نیب کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق، سواتی کو 23 جون 2025 کو صبح 11 بجے حیات آباد پشاور میں واقع نیب دفتر میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نیب کے مطابق، یہ طلبی نیب آرڈیننس 1999 کی دفعہ 19 کے تحت کی گئی ہے اور اس کا تعلق ضلع کوہستان میں اکاؤنٹس آفس کے افسران و اہلکاروں کے خلاف جاری ایک انکوائری سے ہے، جس میں سرکاری فنڈز کی غیر قانونی نکلوائی اور خرد برد کے الزامات شامل ہیں۔
نیب کے ذرائع کے مطابق، کوہستان میں 40 ارب روپے کی مبینہ کرپشن کے سکینڈل کی چھان بین جاری ہے۔ ان الزامات میں جعلی چیکوں کے ذریعے سرکاری رقوم کی غیر قانونی نکلوائی اور خرد برد شامل ہے۔ سکینڈل سامنے آنے کے بعد خیبر پختونخوا حکومت نے نیب سے باقاعدہ انکوائری کی درخواست کی تھی، جس پر وزیراعلیٰ کی زیر قیادت ایک انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ محمد اعظم سواتی کے پاس ایسے شواہد اور مالیاتی ریکارڈ موجود ہیں جو انکوائری کے لیے معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ نیب نے انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ میسرز کوہستان ایسوسی ایٹس اینڈ بلڈرز سے 2024 میں موصول ہونے والی کسی بھی مالی ادائیگی کا ریکارڈ ہمراہ لائیں۔نیب نے متنبہ کیا ہے کہ نوٹس میں دی گئی ہدایات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں ادارہ قانون کے مطابق زبردستی کے اقدامات اٹھا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ محمد اعظم سواتی ماضی میں سینیٹر اور وفاقی وزیر کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں اور مختلف سیاسی و قانونی معاملات میں ان کا نام خبروں میں آتا رہا ہے۔

مزیدخبریں