امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستانی آرمی چیف کے جنگ بندی میں نمایاں کردار ادا کرنے کااعتراف

08:35 PM, 18 Jun, 2025

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے مابین جنگ بندی کروانے کا کریڈٹ لے لیا ہے۔ وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ کی کوششوں سے دونوں ملکوں کی کشیدگی ختم ہوئی ہے۔

ٹرمپ نے پاکستان کے بارے میں مثبت رائے ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی بہت اچھے لوگ ہیں اور پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے، جسے وہ سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنگ بندی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور وہ ملک میں ایک بااثر شخصیت ہیں۔

یاد رہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر آج امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ ملاقات اور ظہرانہ خاص اہمیت کا حامل ہوگا اور پریس کی شرکت اس میں شامل نہیں ہوگی۔ اس ملاقات نے بھارت میں تشویش پیدا کر دی ہے۔

دوسری جانب، بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مسری نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے امریکی صدر سے تقریباً 35 منٹ فون پر بات کی ہے۔ وکرم مسری کے مطابق مودی نے ٹرمپ کو واضح کیا کہ بھارت پاکستان کے مسئلے پر کسی بھی تیسرے فریق کی ثالثی کو قبول نہیں کرے گا اور مذاکرات کے لیے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "آپریشن سندور" اب بھی جاری ہے۔

مزیدخبریں