کابل: اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف کی تازہ رپورٹ میں افغانستان کو جنوبی ایشیا میں بچوں کے لیے انتہائی خطرناک ملک قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق افغانستان میں بچوں کو شدید غذائی قلت، صحت کے مسائل اور موسمیاتی تبدیلیوں کے سنگین اثرات کا سامنا ہے، جس نے معصوم زندگیاں خطرے میں ڈال دی ہیں۔
یونیسیف نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ موسمیاتی بحران اور بنیادی سہولیات کی کمی کے باعث افغان بچے سب سے زیادہ متاثرہ طبقے میں شامل ہیں اور وہ ماحولیاتی خطرات کی فرنٹ لائن پر موجود ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک میں انتظامی چیلنجز اور بنیادی ڈھانچے کی کمزوری نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے، جس کے باعث انسانی بحران میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو افغانستان میں بچوں کی صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔