پاکستان سندھ طاس معاہدے پر مکمل عمل درآمد اور پرامن حل کا خواہاں :اسحاق ڈار 

06:29 PM, 18 Jun, 2026

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر پر عملدرآمد کے لیے پُرعزم ہے اور عالمی سطح پر بالخصوص ماحولیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی سے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

آبی تنازع کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے سندھ طاس معاہدہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کے تحت پانی کے معاملات کو منظم طریقے سے حل کیا جانا ضروری ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ معاہدے کی یکطرفہ معطلی یا خلاف ورزی غیر قانونی اقدام ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی کوشش خطے کے لیے سنگین نتائج پیدا کر سکتی ہے، اور پاکستان کے عوام کو پانی سے محروم کرنے کی کسی بھی کوشش کے منفی اثرات ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے اقدامات اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔ تاہم پاکستان تمام دوطرفہ مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کو ترجیح دیتا ہے اور پرامن حل کا خواہاں ہے۔

مزیدخبریں