راک اسٹار گیمز نے GTA VI کی ریلیز تاریخ کا اعلان کر دیا

09:02 PM, 18 Jun, 2026

تالاہاسی: گیمنگ کی دنیا کی مشہور کمپنی راک اسٹار گیمز نے اپنی نئی اور انتہائی متوقع گیم GTA VI کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے، جو دو بار تاخیر کے بعد اب 19 نومبر کو جاری کی جائے گی۔

یہ گیم سیریز کی آٹھویں بڑی قسط ہے اور اسے جی ٹی اے فائیو کے 13 سال بعد ریلیز کیا جا رہا ہے، جو اب تک کی دوسری سب سے زیادہ فروخت ہونے والی ویڈیو گیم شمار کی جاتی ہے۔

نیو یارک میں قائم ٹیک ٹو انٹرایکٹو کی ملکیت راک اسٹار گیمز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اس تاریخ کا اعلان کیا اور بتایا کہ گیم کی پری آرڈرز ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور منتخب ریٹیل اسٹورز پر شروع ہوں گے۔

کمپنی کی جانب سے گیم کا آفیشل کور آرٹ بھی جاری کیا گیا ہے تاہم اس کی قیمت کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ ماہرین کے مطابق گیم کی ابتدائی قیمت 80 ڈالر تک ہو سکتی ہے۔

جی ٹی اے سیریز اپنی پرتشدد اور جرائم پر مبنی گیم پلے کے باعث شہرت رکھتی ہے، جس میں کھلاڑی کھلی دنیا میں مختلف مجرمانہ کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ سیریز 1997 سے اسی طرز کے گیم پلے کے ساتھ جاری ہے۔

نئی گیم کو ابتدائی طور پر 2025 میں ریلیز کیا جانا تھا اور توقع ہے کہ اس کی کہانی وائس سٹی سے ملتی جلتی ایک جگہ پر مبنی ہوگی، جبکہ اس بار پہلی مرتبہ ایک خاتون کردار بھی قابلِ کھیل ہوگی۔

ناقدین کی جانب سے اس سیریز پر ہمیشہ سے تشدد اور جرائم کو فروغ دینے کے الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں، تاہم کمپنی ان الزامات کو مسترد کرتی ہے۔

گیم میں چوری، گاڑیوں کی دوڑ، مجرمانہ سرگرمیوں اور دیگر مشنز سمیت مختلف سرگرمیاں شامل ہوتی ہیں، جن پر ماضی میں مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید بھی کی جاتی رہی ہے۔
 

مزیدخبریں