اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی نے اپنے اوپر عائد الزامات مسترد کر دیئے

02:37 PM, 18 Mar, 2017

اسلام آباد: اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنے اوپر لگائے الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا اور اپنی جائیداد سے متعلق تفصیلات میڈیا کے سامنے پیش کر دیں۔ انہوں نے کہا 2009 میں پانچ کنال دو قسطوں میں خریدی تھی جبکہ کہا گیا میرا 35 کروڑ کا بنگلہ ہے۔ جو میرا 35 کروڑ کا بنگلہ ڈھونڈے گا اس کو گفٹ کر دوں گا۔ میں خود اسلام آباد کرائے کے گھر میں رہتا ہوں اور گاؤں میں اپنے ذاتی گھر میں رہتا ہوں۔

اسد قیصر نے کہا میری زمین بے نامی نہیں الیکشن کمیشن میں ڈکلیئرڈ ہے۔ میں نے 11 لاکھ روپے کا ویلتھ ٹیکس دیا ہے۔ میرا بھائی بنی گالہ میں کرائے کے بنگلے میں رہتا ہے۔ سینئر پوزیشن پر تقرریوں کیلئے اشتہار دیا گیا اور این ٹی ایس کے ذریعے امتحان بھی لیا گیا۔ 57  بھرتیاں ہوئیں، 38 کلاس فور کی ہیں جس میں ریٹائرڈ ملازمین سمیت دیگر کوٹا کی ہیں۔ اسمبلی میں پہلی مرتبہ این ٹی ایس کے ذریعے تقرریاں کی گئیں۔

اس موقع پر وزیر اعلی پرویز خٹک نے بات کرتے ہوئے کہا مجھے 100 فیصد اسپیکر کی باتوں پر اعتماد ہے اور جس نے بھی جھوٹا الزام لگایا اس کے خلاف کارروائی ہو گی۔ اسد قیصر کی جو بھی پراپرٹی ہے وہ 2013 سے پہلے کی ہے۔

پرویز خٹک نے کہا کیوں ایسے ناجائز الزامات لگائے جاتے ہیں۔ اسد قیصر کے معاملے پر ڈی جی نیب سے بھی بات ہوئی ہے اور انہیں بتایا اسد قیصر پر جھوٹا الزام لگایا گیا ہے اگر الزام ثابت نہ ہوا تو الزام لگانے والے کیخلاف کارروائی ہو گی۔

واضح رہے نیب خیبرپختونخوا نے چیئرمین نیب سے اسپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر تحقیقات کی اجازت مانگی تھی اور اس حوالے سے چیئرمین نیب کو خط بھی لکھا گیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں