اسلام آباد: اپوزیشن رہنماؤں نے کہا ہے کہ سندھ ہاؤس میں آج رات پولیس گردی کی گئی تو نتائج کے ذمہ دار عمران خان اور وزیرداخلہ شیخ رشید ہوں گے جبکہ سیکرٹری داخلہ، پولیس اور انتظامیہ کے حکام کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ کسی سیاسی عمل کا حصہ نہ بنیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف اور شاہد خاقان عباسی کی جانب سے جاری کئے گئے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے آئینی عمل میں پولیس اور انتظامیہ کا فریق بننا آئین شکنی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ آئین شکنی کرنے، ان کی مدد کرنے والوں کو سزا کیلئے تیار رہنا ہوگا، ارکان قومی اسمبلی کے خلاف پولیس گردی پارلیمنٹ پر حملہ تصور ہو گا جبکہ پارلیمینٹ لاجز والی حرکت سندھ ہاؤس میں دہرائی گئی تو سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ ہاؤس میں آج رات پولیس گردی کی گئی تو نتائج کے ذمہ دار عمران خان اور وزیرداخلہ ہوں گے جبکہ سیکرٹری داخلہ، پولیس اور انتظامیہ کے حکام کوخبردار کرتے ہیں کہ کسی سیاسی عمل کا حصہ نہ بنیں۔
اپوزیشن رہنماؤں نے کہا کہ عمران خان 172 ارکان لا نہیں پا رہے لیکن پولیس اور انتظامیہ کے ذریعے ان کے اغوا کی تیاری کررہے ہیں، اوچھے ہتھکنڈے اس بات کا اعلان ہیں کہ عمران خان اکثریت اور ایوان کا اعتماد کھو چکے ہیں، ’نہیں چھوڑوں گا‘ کہنے والے کو سب چھوڑ کر جارہے ہیں اور کوئی اس کے ساتھ رہنے کو تیار نہیں ہے۔
سندھ ہاؤس میں پولیس گردی کی گئی تو نتائج کے ذمہ دار عمران خان اور شیخ رشید ہوں گے: اپوزیشن
10:53 AM, 18 Mar, 2022