دوسرا ٹی 20 : نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

11:48 AM, 18 Mar, 2025

نیوویب ڈیسک

ڈونیڈن:  میزبان نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹی20 میچ میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ڈنیڈن میں کھیلے گئے اس میچ کا ٹاس بارش کی وجہ سے تاخیر سے ہوا، اور پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 136 رنز کا ہدف دیا۔ نیوزی لینڈ نے ہدف کو 13.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے شاندار آغاز فراہم کیا اور 66 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ قائم کی۔ ٹم سیفرٹ نے 22 گیندوں پر 45 رنز بنائے، جس میں 5 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے، تاہم وہ جلد آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد فن ایلین 38 رنز، مارک چیمپین ایک اور جیمی نیشم 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ڈیرل مچل نے 14 گیندوں پر 14 رنز بنائے اور مچل ہے 16 گیندوں پر 21 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد علی، خوشدل شاہ اور جہانداد خان نے ایک، ایک وکٹ لی۔ پاکستان کا آغاز اچھا نہیں رہا، اور پہلی وکٹ ایک رن پر گری جب اوپنر حسن نواز صفر پر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد محمد حارث 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کو تیسرا نقصان 50 رنز پر ہوا جب عرفان خان 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اور چوتھی وکٹ 52 رنز پر گری جب خوشدل شاہ صرف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ کپتان سلمان آغا 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ شاداب خان نے 26 رنز بنائے، اور پاکستان کی آخری وکٹ 135 رنز پر گری، جب حارث رؤف ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ایش سودھی، جیکب ڈفی، بین سیئرز، جیمز نیشم اور مائیکل بریسویل نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ میچ کے آغاز سے پہلے بارش کی وجہ سے یونیورسٹی اوول کرکٹ گراؤنڈ کی آؤٹ فیلڈ گیلی ہو گئی تھی، جس کی وجہ سے میچ 15، 15 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ اس سے قبل کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے کامیابی حاصل کی تھی اور اب وہ سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر چکا ہے۔

مزیدخبریں