حوثیوں کی چلائی گئی ہر گولی کا جواب ایران سے لیا جائے گا،ٹرمپ کی دھمکی

01:43 PM, 18 Mar, 2025

نیوویب ڈیسک

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یمن میں حوثیوں کی کارروائیوں کا الزام ایران پر عائد کرتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے۔ سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ یمن کے حوثیوں کے تمام حملوں کا ذمہ دار ایران ہے اور اسے ان حملوں کا جواب دینا ہوگا۔

ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ "یمن کے حوثیوں کی چلائی جانے والی ہر گولی کا ذمہ دار ایران ہے" اور ان کا مزید کہنا تھا کہ "حوثی ایران کی پیداوار ہیں اور ہم انہیں اب ختم کر دیں گے۔" انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایران حوثیوں کو اسلحہ فراہم کرتا ہے اور ان کی عسکری کارروائیوں میں معاونت کرتا ہے، جس سے جنگ کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ ایران نہ صرف جنگ کو بڑھاوا دے رہا ہے، بلکہ متاثرین کو ڈھال بنا کر مظلومیت کا رونا بھی روتا ہے۔ یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں امریکہ نے یمن میں حوثیوں پر فضائی حملے کیے تھے جس میں 50 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ اس کے جواب میں حوثیوں نے امریکہ سے بدلہ لینے کی دھمکی دی ہے اور کہا ہے کہ امریکا کو جوابی کارروائی کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

مزیدخبریں