اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ڈیجیٹل پرائز بانڈز متعارف کرانے کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے ڈیجیٹل پرائز بانڈز رجسٹرڈ رولز کا مسودہ جاری کر دیا ہے۔ اس حوالے سے عوام اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے آراء و تجاویز طلب کر لی گئی ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق، ڈیجیٹل پرائز بانڈز کے لین دین موبائل ایپ کے ذریعے کیے جائیں گے۔ اس میں سرمایہ کاری کی کوئی حد مقرر نہیں ہوگی اور ہر بالغ پاکستانی شہری بانڈز خریدنے کا اہل ہوگا۔ ان بانڈز پر انعامی رقم پر ٹیکس لاگو ہوگا، تاہم زکوٰة مستثنیٰ ہوگی۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق، ڈیجیٹل بانڈز کی منتقلی یا گروی رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ سرمایہ کار کی وفات کی صورت میں قانونی ورثا کو رقم ادا کی جائے گی۔ کسی مرنے والے کے بانڈ کی رقم جانشینی سرٹیفکیٹ کے مطابق دی جائے گی۔
حکام کے مطابق، انعامی رقم پر انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی دفعہ 156 کے تحت ٹیکس عائد ہوگا، جس کی شرح فائلرز کے لیے 15 فیصد
نان فائلرز کے لیے 30 فیصد مقرر کی گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل پرائز بانڈز کے اجرا سے مالیاتی نظام میں شفافیت بڑھے گی اور غیر قانونی سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس مسودے پر اپنی آراء دے کر اسے مزید مؤثر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔