ملک کا دفاع سب پر مقدم، دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملائیں گے: آرمی چیف

07:17 PM, 18 Mar, 2025

اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی سب سے مقدم ہے اور اس سے بڑا کوئی ایجنڈا، کوئی تحریک اور کوئی شخصیت نہیں۔


قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پائیدار استحکام کے لیے قومی طاقت کے تمام عناصر کو ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک جنگ نہیں بلکہ ہماری اور آنے والی نسلوں کی بقا کی جنگ ہے۔


جنرل عاصم منیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو "Hard State" بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ہم کب تک "Soft State" کے طرز پر بے پناہ جانوں کی قربانی دیتے رہیں گے؟

انہوں نے مزید کہا کہ گورننس کے خلا کو پُر کرنے کے لیے ہمیں ہمیشہ فوج اور شہداء کے خون پر انحصار نہیں کرنا چاہیے۔


آرمی چیف نے علماء کرام سے درخواست کی کہ وہ دہشت گرد عناصر کی جانب سے اسلام کی مسخ شدہ تشریح کو بے نقاب کریں تاکہ انتہا پسندی کا سدباب کیا جا سکے۔


جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کے تحفظ کے لیے تمام طبقات کو یک زبان ہو کر سیاسی اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر متحد ہونا ہوگا۔

انہوں نے واضح پیغام دیا کہ جو عناصر پاکستان کو دہشت گردوں کے ذریعے کمزور کرنا چاہتے ہیں، وہ ناکام ہوں گے۔ ہم متحد ہو کر نہ صرف ان دہشت گردوں بلکہ ان کے تمام سہولت کاروں کو بھی شکست دیں گے۔


اپنے خطاب کے آخر میں آرمی چیف نے کہا کہ ہمیں اللہ تعالیٰ پر مکمل بھروسہ ہے، اور جو کچھ بھی ہو جائے، ان شاء اللہ ہم کامیاب ہوں گے۔
 

مزیدخبریں