کراچی/اسلام آباد : خطے میں بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی اور غیر یقینی صورتحال کے باعث پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کے لیے فضائی سفر بری طرح متاثر ہوا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، ملک بھر کے مختلف ایئرپورٹس سے آج بھی مشرقِ وسطیٰ کی 83 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جس سے ہزاروں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق، سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر فلائٹ شیڈول میں بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ پاکستان سے فجیرہ ایئرپورٹ کے لیے فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے دوحہ، بحرین، بغداد، دبئی، شارجہ اور ابوظہبی کے لیے شیڈول 18 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
پروازوں کی منسوخی کے باعث خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں اور وہاں جانے والے مسافروں کا رش ایئرپورٹس پر بڑھ گیا ہے۔ خاص طور پر عراق اور متحدہ عرب امارات جانے والی پروازوں کی بندش سے عمرہ زائرین اور سمندر پار پاکستانی شدید متاثر ہوئے ہیں۔
ایئر لائنز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فضائی حدود کے استعمال میں تبدیلی اور خطے کی صورتحال واضح ہونے تک آپریشن معمول پر آنا مشکل ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی (CAA) نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل اپنی متعلقہ ایئر لائن کے نمائندے یا ہیلپ لائن سے پرواز کی موجودگی کی تصدیق لازمی کریں۔
مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کا اثر: پاکستان سے فضائی آپریشن بری طرح متاثر، 83 پروازیں منسوخ
12:14 PM, 18 Mar, 2026