اسلام آباد: مشرقِ وسطیٰ کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظر، پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار آج سعودی عرب کے دو روزہ اہم سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔ ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق، اس دورے کا مقصد برادر اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر خطے میں امن و امان کی بحالی کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی طے کرنا ہے۔
اسحاق ڈار ریاض میں منعقد ہونے والے علاقائی وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ اس موقع پر پاکستان کی جانب سے درج ذیل کلیدی موقف پیش کیا جائے گا۔پاکستان برادر اسلامی ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
پاکستان نے برادر ممالک کی سرزمین پر جاری حملوں کے فوری خاتمے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔خطے میں جاری مسلح تنازع کو فوری ختم کرنے اور استحکام کی بحالی پر زور دیا جائے گا۔سعودی عرب روانگی سے قبل نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ترک وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو کے اہم نکات یہ ہیں۔ پاکستان اور ترکی نے خطے کی بدلتی صورتحال اور بڑھتی ہوئی کشیدگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اتفاق کیا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، بلکہ مذاکرات اور سفارتکاری ہی مسائل کے حل کا واحد راستہ ہیں۔
دفترِ خارجہ کے مطابق، اسحاق ڈار کا یہ دورہ پاکستان کی اس پالیسی کا تسلسل ہے جس کے تحت وہ خطے میں کسی بھی بڑے تصادم کو روکنے کے لیے اپنا فعال سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔ نائب وزیراعظم ریاض میں دیگر عرب اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ سے سائیڈ لائن ملاقاتیں بھی کریں گے۔
علاقائی کشیدگی کا خاتمہ مشن: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار دو روزہ اہم دورے پر سعودی عرب جائیں گے
01:44 PM, 18 Mar, 2026