میرانشاہ: پاک افغان سرحد پر شمالی وزیرستان کے علاقے میں پاک فوج نے دہشت گردوں اور دراندازوں کے خلاف ایک مؤثر اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان اور 'فتنہ الخوارج' کی سرحد عبور کرنے کی بڑی سازش ناکام بنا دی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، اس کارروائی میں متعدد حملہ آور ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ ان کے ٹھکانے مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، یہ جھڑپ شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے مواز کلے میں پیش آئی ۔ افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گرد سرحد عبور کر کے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔پاک فوج نے انٹیلیجنس معلومات پر فوری ردِعمل دیتے ہوئے دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا اور ان کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کی کاری ضرب کے نتیجے میں درج ذیل نقصانات سامنے آئے۔متعدد افغان طالبان ہلاک (جہنم واصل) ہو گئے جبکہ دیگر اپنے ساتھیوں کی لاشیں اور پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔ پاک فوج نے جدید اسلحے کا استعمال کرتے ہوئے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے کمپاؤنڈز اور ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر انہیں مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر بنا دیا۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ پاک فوج سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت الرٹ ہے اور ملکی سالمیت کو چیلنج کرنے والے کسی بھی گروہ کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ فتنہ الخوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف آپریشنز کا سلسلہ اسی شدت کے ساتھ جاری رہے گا۔
شمالی وزیرستان: پاک فوج کی بڑی کارروائی، افغان طالبان کی دراندازی کی کوشش ناکام، متعدد ہلاک
02:05 PM, 18 Mar, 2026