اسلام آباد:1965 کی جنگ کے ناقابلِ شکست ہیرو اور پاک فضائیہ کے مایہ ناز پائلٹ سکواڈرن لیڈر محمد محمود عالم (ایم ایم عالم) کی 13ویں برسی آج انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔ ایک منٹ سے بھی کم وقت میں دشمن کے 5 جنگی طیارے گرا کر عالمی ریکارڈ قائم کرنے والے اس جری سپوت کو آج پوری قوم خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے۔
7 ستمبر 1965 کو سرگودھا کے فضائی معرکے میں ایم ایم عالم نے وہ کارنامہ سرانجام دیا جو ہوا بازی کی تاریخ میں ایک معجزہ تسلیم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے اپنے ایف86 سیبر طیارے کے ذریعے محض ایک منٹ کے اندر بھارتی فضائیہ کے 5 ہنٹر طیارے مار گرائے، جن میں سے 4 طیارے صرف 30 سیکنڈ کے اندر تباہ کیے گئے۔
اس بے مثال بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کے اعتراف میں ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کیا گیا، جو آج بھی ایک ناقابلِ تسخیر ریکارڈ ہے۔ 1965 کی جنگ کے دوران انہوں نے مجموعی طور پر دشمن کے 9 طیارے تباہ کیے اور 2 کو شدید نقصان پہنچایا۔
ایم ایم عالم کی اس غیر معمولی شجاعت پر حکومتِ پاکستان نے انہیں دو مرتبہ 'ستارہ جرات' کے اعزاز سے نوازا۔ ان کی یاد میں لاہور کی مشہور شاہراہ کا نام 'ایم ایم عالم روڈ' رکھا گیا ہے، جو آنے والی نسلوں کو ان کی لازوال قربانیوں اور مہارت کی یاد دلاتا رہتا ہے۔
پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق، ایم ایم عالم نے محدود وسائل کے باوجود دشمن کے عددی غلبے کو اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور ایمانی طاقت سے شکست دی۔ آج کے دن ملک بھر میں ان کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی جا رہی ہے اور فضائیہ کے مراکز میں خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔
صرف ایک منٹ میں دشمن کے 5 طیارے تباہ: فضائی معرکے کے عالمی ہیرو ایم ایم عالم کی 13ویں برسی، قوم کا سلام
04:33 PM, 18 Mar, 2026