اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے لیے بارش اور برفباری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش کے ساتھ برفباری کا امکان ہے اور پہاڑی علاقوں میں سڑکوں کی صورتحال متاثر ہو سکتی ہے۔ خاص طور پر استور، سکردو، ہنزہ اور وادی نیلم میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
بلوچستان میں کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ اور گوادر میں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔
اسلام آباد اور پنجاب کے شہروں جیسے لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان میں بھی بارش کا امکان ہے۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے امکانات ہیں۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں اور ڈرائیورز سے درخواست کی ہے کہ وہ موسم کی شدت کے پیش نظر محتاط رہیں اور حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔