برادر اسلامی ممالک کا احترام: عید الفطر کے پیشِ نظر آپریشن 'غضب للحق' معطل، عطا تارڑ

08:29 PM, 18 Mar, 2026

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے ایکس پرکہا ہے کہ  حکومتِ پاکستان نے عید الفطر کے مقدس تہوار کے پیشِ نظر اور برادر اسلامی ممالک کی خصوصی درخواست پر 'آپریشن غضب للحق' کی عسکری کارروائیاں عارضی طور پر روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عطا تارڑ نے بتایا کہ سعودی عرب، ترکیہ اور قطر کی جانب سے آپریشن روکنے کی درخواست کی گئی تھی، جس پر اسلامی بھائی چارے اور عید کے تقدس کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے عمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ وقفہ آج رات سے شروع ہو کر 23 اور 24 مارچ کی درمیانی رات تک برقرار رہے گا۔


وزیر اطلاعات نے دو ٹوک الفاظ میں متنبہ کیا کہ اس عارضی وقفے کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ اگر اس دوران سرحد پار سے کوئی بھی حملہ، دہشت گردی یا ڈرون کارروائی کی گئی، تو پاک فوج 'آپریشن غضب للحق' کو فوری طور پر پہلے سے زیادہ شدت اور پوری قوت کے ساتھ دوبارہ شروع کر دے گی۔
عطا تارڑ نے آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے دشمن کو پہنچنے والے بھاری نقصان کا ذکر بھی کیا،اب تک 707 افغان طالبان ہلاک اور 938 زخمی ہو چکے ہیں۔ افغان طالبان رجیم کی 255 چوکیاں تباہ کی گئیں جن میں سے 44 پر پاکستان کا قبضہ ہے۔ دشمن کے 237 ٹینک، بکتر بند گاڑیاں اور توپیں ملبے کا ڈھیر بنا دی گئی ہیں۔ 16 مارچ کی رات کابل اور ننگرہار میں اہم افغان فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ مجموعی طور پر 81 دہشت گرد ٹھکانوں کو نیست و نابود کیا گیا۔

مزیدخبریں