بھارت: خاتون نے شادی کی تقریب سے دولہا اغوا کر لیا

بھارت: خاتون نے شادی کی تقریب سے دولہا اغوا کر لیا

اتر پردیش: بھارتی میڈیا کے مطابق یہ دلچسپ واقعہ ہندوستان کی ریاست اتر پردیش میں پیش آیا جہاں ایک دولہا اپنی سابق خاتون دوست کے ہاتھوں اغوا ہوا اور تاحال اس کے بارے میں کسی کو بھی معلومات نہیں۔ رپورٹ کے مطابق مغوی اور اغوا کار خاتون کے درمیان گذشتہ کچھ عرصے سے تعلقات قائم تھے اور دونوں ایک دوسرے کے بہت زیادہ قریب تھے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ اغوا ہونے والے شخص اشوک یادیو اور اغوا کار خاتون ایک مقامی ڈاکٹر کے کلینک پر کام کرتے تھے جہاں ان کے درمیان 'تعلقات' استوار ہوئے۔ تاہم اشوک یادیو کے اہل خانہ نے حال ہی میں اس کی شادی ضلع ہری پور کی رہائشی لڑکی سے طے کر دی تھی جس کے بعد اشوک نے اپنی دوست سے بات چیت بند کر دی اور سوشل میڈیا پر اس کے پیغامات کا جواب تک نہیں دیا۔ جس کے باعث مذکورہ خاتون بہت نالاں تھیں۔

اشوک یادیو کی شادی کی تقریب کے دوران اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہو گئی جب مذکورہ خاتون وہاں پہنچی اور دولہا سے استفسار کیا کہ جب وہ اس سے محبت کرتا ہے تو کسی اور لڑکی سے شادی کیوں کر رہا ہے۔ خاتون کا مزید کہنا تھا کہ 'پیار ہم سے اور شادی کسی اور سے کرو گے؟۔ یہ ہم برداشت نہیں کرینگے جس کے بعد خاتون نے دولہا کو اس کی شرٹ کے کالر سے پکڑا اور بھرے مجمے کے سامنے اپنے ساتھ گاڑی میں بیٹھا کر لے گئی۔ واقعے کے بعد سے اشوک تاحال لاپتہ ہے اس دلچسپ واقعے کی اطلاع پولیس کو دی گئی۔

واقعے کی تفتیش کرنے والے پولیس افسر کا کہنا تھا کہ انھیں شک ہے کہ اغوا پہلے سے طے شدہ تھا اور لڑکا اور خاتون دونوں ہی اس میں ملوث ہیں انھوں نے کہا کہ ایسا کیسے ممکن ہے کہ شادی کی تقریب میں آئے سیکڑوں افراد کے سامنے ایک خاتون، دولہا کو زبردستی اپنے ساتھ لے جائے اور کسی نے بھی اسے روکنے کی کوشش نہیں کی۔

اصل میں لڑکا خاتون کے ساتھ اپنی مرضی سے گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے دولہا کے بھائی کو حراست میں لے لیا جبکہ اس حوالے سے موقع پر لی گئیں تصاویر بھی پولیس نے حاصل کر لی ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں