کراچی میں بارش آندھی اور حادثات میں 4 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے

کراچی میں بارش آندھی اور حادثات میں 4 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے
سورس: file photo

کراچی ، بارش آندھی اور دیگر حادثات میں چارافراد جاں بحق اورسات زخمی ہوگئے ۔بارش کے باعث کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹریفک جام ہوگیا اورگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق کلفٹن تین تلوار پر رہائشی پلازہ کی تیسری منزل سے گر کر بچہ جاں بحق ہوگیا، 8 سالہ بچے کی شناخت شان کے نام سے ہوئی، بلدیہ گلشن غازی میں گھر کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

ادھر اورنگی ٹاؤن 13 نمبر پر چھت گرنے سے دو خواتین زخمی ہوگئیں، گلشن اقبال کے بڑے شاپنگ مال کا سائن بورڈ گرنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا، گلشن معمار میں آندھی کے باعث درخت گر گئے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد ٹریفک جام ہوگیا، میٹروپول اور ارد گرد کی سڑکوں پر ٹریفک جام ہونے کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔تیز آندھی اور بارش کی وجہ سے مختلف علاقوں میں تاریں بھی ٹوٹ گئیں۔

آندھی کے باعث کے الیکٹرک کی مختلف علاقوں میں تاریں ٹوٹ گئیں، اورنگی ٹاؤن میں پی ایم ٹی پول سمیت ٹوٹ کر گر گیا، سڑک پر بجلی کی تاریں اور پی ایم ٹی گرنے سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ شکایت درج کرانے کے باوجود عملہ تاحال نہ پہنچ سکا جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی درجنوں بجلی کی تاریں ٹوٹنے کی شکایات موصول ہوئیں۔

کراچی میں بارش کے بعد شہر کا بیشتر حصہ بجلی سے محروم ہوگیا اور کے الیکٹرک کے 925 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، نیو کراچی، ایف بی ایریا میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

گلشن اقبال، اسکیم 33، سرجانی ٹاؤن، اورنگی، کورنگی، لانڈھی، ملیر، شاہ فیصل، ایئرپورٹ، گڈاپ، اولڈ سٹی ایریا، سائٹ ایریا میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں تیز ہوا کے جھکڑ چل رہے ہیں یہ سائیکلون نہیں ہے، سمندری سائیکلون پاکستانی حدود سے گزر چکا ہے، کراچی میں گرد آلود ہوائیں کچھ دیر کے لیے ہیں۔