ژوب ائیرپورٹ 3 سال بعد آپریشنل ہو گیا

ژوب ائیرپورٹ 3 سال بعد آپریشنل ہو گیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی اور صوبائی حکومت کی کاوشوں سے بلوچستان میں واقع ژوب ایئر پورٹ کو 3 سال بعد آپریشنل کردیا گیا ہے جہاں تین سال بعد پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز کی پہلی پرواز پہنچی۔
 تفصیلات کے مطابق کراچی انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے 2018ءکے بعد پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن کی پہلی پرواز 36 مسافروں کو لے کر ژوب پہنچی اور یوں تین سال کے طویل عرصے کے بعد یہ ائیرپورٹ ایک مرتبہ پھر آپریشنل ہو گیا ہے جہاں مستقبل میں مزید پروازوں کی آمدورفت بھی ہو گی۔ 

واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے 28 اپریل کو بلوچستان کے دورہ کے دوران کوئٹہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم انفراسٹرکچر اور ہیومن ڈویلپمنٹ کے ذریعے صوبہ بلوچستان میں خوشحالی لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ 
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ماضی میں سنجیدہ اقدامات اٹھائے گئے ہوتے تو پاکستان کا شمار خوشحال اور ترقی یافتہ ممالک میں ہوتا۔ صوبہ بلوچستان ماضی کے حکمرانوں کی بے حسی کا شکار ہوا جو اسے نظرانداز کرتے رہے۔