وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ترکیے کے سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق

02:25 PM, 18 May, 2025

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پاکستان میں ترکیے کے سفیر نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون، علاقائی امن اور ثقافتی روابط پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز نے بھارت کی حالیہ جارحیت پر پاکستان کے مؤقف کی دوٹوک اور غیر مشروط حمایت کرنے پر ترکیے کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ "صدر رجب طیب ایردوان کا یہ کہنا کہ 'ہم ہمیشہ پاکستان کے ساتھ ہیں'، پاکستانی عوام کے دلوں میں ہمیشہ کے لیے نقش ہو چکا ہے۔"
مریم نواز نے اس موقع پر ترک عوام کے لیے پاکستانیوں کی محبت اور عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ہم ترکیے کو صرف ایک اتحادی نہیں بلکہ ایمان، ثقافت اور تاریخ میں جڑا ہوا بھائی سمجھتے ہیں۔"
وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ترکیے کے درمیان تجارتی روابط کو مزید فروغ دیا جائے گا، اور دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عوامی سطح پر رابطوں، تعلیمی تعاون، اور ثقافتی تبادلوں کو وسعت دے کر دونوں ممالک کو مزید قریب لایا جا سکتا ہے۔

مزیدخبریں