سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے، شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے نکل آئے

02:49 PM, 18 May, 2025

سوات: سوات شہر اور اس کے گردونواح میں آج زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلے کے بعد لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمۂ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زمین لرزنے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.7 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 205 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ بتایا گیا ہے، جو ماضی میں بھی اس طرح کے زلزلوں کا سبب بنتا رہا ہے۔ زلزلے کے جھٹکے مختصر وقت کے لیے تھے، لیکن اچانک جھٹکوں نے لوگوں کو خوفزدہ کر دیا۔ کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع تاحال موصول نہیں ہوئی۔

واضح رہے کہ 26 اپریل کو بھی اسی علاقے میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.0 ریکارڈ کی گئی تھی۔ زلزلہ کے بعد ریسکیو ادارے اور مقامی انتظامیہ صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، تاہم اب تک صورتحال معمول کے مطابق ہے۔

مزیدخبریں