نئی دہلی: بھارت کا نیا سیٹلائٹ مشن EOS-09 تکنیکی خرابی کے باعث ناکام ہو گیا ہے۔ یہ مشن انڈین خلائی تحقیقاتی ادارے اسرو (ISRO) کی جانب سے سری ہری کوٹا کے خلائی مرکز سے روانہ کیا گیا تھا، لیکن لانچنگ کے تیسرے مرحلے میں مسئلہ پیش آنے کے باعث سیٹلائٹ زمین کے مدار تک نہ پہنچ سکا۔
امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق، اسرو کے سربراہ وی نارائنن نے تصدیق کی کہ راکٹ کے تیسرے مرحلے میں موٹر کیس کے چیمبر کا پریشر کم ہو گیا، جس کے باعث مشن کو مکمل کرنا ممکن نہ رہا۔
اسرو ماضی میں کئی کامیاب مشنز کا حصہ رہ چکا ہے۔ 2014 میں بھارت نے مریخ کے مدار میں اپنا پہلا مشن کامیابی سے پہنچا کر دنیا کو حیران کر دیا تھا، جبکہ 2023 میں چاند کے جنوبی قطب پر خلائی جہاز اتار کر ایک نئی تاریخ رقم کی۔ تاہم اس سے قبل 2019 میں چاند پر اترنے کی پہلی کوشش ناکام ہوئی تھی۔
اب EOS-09 مشن کی ناکامی اسرو کے لیے ایک عارضی دھچکا ضرور ہے، مگر ادارے کا خلائی تحقیق میں طویل تجربہ اسے دوبارہ کامیابی کی راہ پر ڈال سکتا ہے۔