بہتر کارکردگی دکھانے والی وزارتوں کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے بجٹ فراہمی میں ترجیح ملے گی: وزیراعظم شہباز شریف

05:00 PM, 18 May, 2026

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی ترقیاتی بجٹ اور جاری منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئندہ مالی سال کے ترقیاتی ایجنڈے اور معاشی اصلاحات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ کارکردگی کی بنیاد پر وزارتوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، اور بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی وزارتوں کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے ترجیحی بنیادوں پر بجٹ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی خزانے اور عوام کا پیسہ صرف اور صرف ایسے ترقیاتی منصوبوں پر لگایا جائے گا جن کے مثبت اور دور رس نتائج یقینی ہوں۔
وزیراعظم نے وفاقی بجٹ میں پانی کے ذخائر کی تعمیر اور پن بجلی (ہائیڈرو پاور) کے منصوبوں کو حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشی استحکام اور تیز رفتار ترقی کے لیے ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے بین الاقوامی مالیاتی مارکیٹ میں 'پانڈا بانڈز' کے کامیاب اجراء اور اس کی شاندار پذیرائی پر وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں خصوصی مبارکباد دی۔

مزیدخبریں