گرمی کی شدت بڑھنے کا امکان، محکمہ موسمیات کا الرٹ

10:52 PM, 18 May, 2026

اسلام  آباد: نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (NEOC) نے 19 سے 26 مئی کے دوران ملک بھر میں درجہ حرارت میں نمایاں اضافے کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

الرٹ کے مطابق خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے، جبکہ خطہ پوٹھوار بشمول راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال اور جہلم میں بھی بارش متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق آنے والے دنوں میں سندھ، جنوبی پنجاب اور مشرقی بلوچستان میں شدید گرمی کی لہر کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، اور یہ صورتحال پہلے سے جاری موسمی پیشگوئی کے مطابق ہے۔

بہاولپور، رحیم یار خان، بہاولنگر، ملتان، مظفر گڑھ، راجن پور، سرگودھا، لودھراں، خانیوال، وہاڑی اور لاہور میں بھی درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے۔

اسی طرح کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، دادو، خیرپور، جیکب آباد، تھرپارکر، نوشہرو فیروز، کشمور، شہید بینظیر آباد اور مٹیاری میں بھی شدید گرمی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

بلوچستان کے علاقے تربت، سبی، اُتھل، جھل مگسی، نصیر آباد اور جعفرآباد بھی گرمی کی شدید لپیٹ میں رہیں گے، جہاں درجہ حرارت میں اضافے سے صحت کے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

الرٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 23 مئی تک گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں گلیشیئرز کے پگھلنے، جھیلوں کے پھٹنے، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ خاردوپین، اشکومن، دیوسائی، شسپر، ہنارچو، ہنڈر، گلکن، درکوت اور رُشن کے علاقے انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔
 
 
 

مزیدخبریں