’’نااہل کبھی ملک و قوم کی خدمت کے اہل نہیں ہو سکتے : چوہدری سرور

’’نااہل کبھی ملک و قوم کی خدمت کے اہل نہیں ہو سکتے : چوہدری سرور


لاہور: تحر یک انصاف کور کمیٹی کے رکن وسابق گور نر چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ ’’نااہل ‘‘ ملک وقوم کی خدمت کے کبھی بھی’’ اہل‘‘ نہیں ہوسکتے ‘حکمران ملکی معاملات کو ’’ڈنگ ٹپاؤ ‘‘پالیسی کے تحت چلا رہے ہیں ‘کر پشن کر نیوالوں کو رعایت نہیں صرف سزا دینے سے ہی لوٹ مار ختم ہوگی۔

وفود سے گفتگو میں چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کر پشن اور لوٹ مار کی وجہ سے ملک میں غربت ، مہنگائی اور بے روزگاری نے پنجے گاڑ رکھے ہیں اور 89 فیصد شہریوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق صاف پانی نہیں مل رہا جس کی وجہ سے لوگ گندا پانی پینے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کر پشن اور لوٹ مار کی وجہ سے نااہل ہونیوالے اب کیسے خود کو قوم کا مدد گار کہہ رہے ہیں ؟حقیقت یہ ہے ’’نااہل ‘‘ ملک وقوم کی خدمت کے کبھی ’’اہل‘‘ نہیں ہوسکتے کیونکہ انکی وجہ سے ہی ملک میں لوڈشیڈ نگ اور مہنگائی سمیت دیگر مسائل پیدا ہوئے ہیں ۔


انہوں نے کہا کہ کر پشن کے مکمل خاتمے کیلئے پاکستانی سیاستدانوں کی بیرون ممالک موجود لوٹی رقم کو بھی پاکستان واپس لانا ہوگا اسکے بغیر ملک بھی کبھی آگے نہیں بڑھ سکتا ۔ جب تک بیرونی بنکوں میں موجود لیٹروں کا پیسہ واپس پاکستان نہیں آتا احتساب کا عمل ادھورا رہے گا ‘200 ارب ڈالر سے زائد لوٹا ہوا قومی سرمایہ بیرونی بنکوں میں پڑا ہے یہ ملک میں آ جائے توکافی مالی مسائل حل ہوسکتے ہیں‘تحر یک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی اور عوامی جماعت بن چکی ہے ۔