لاہور : لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی کی صورتحال بدستور تشویش ناک ہے۔ ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور دوسرے نمبر پر آ چکا ہے، جہاں کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 324 ریکارڈ کیا گیا ہے، جو کہ خطرناک سطح پر ہے۔
پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی فضا انتہائی مضر صحت ہے۔ فیصل آباد میں آلودگی کی سطح اور بھی بدتر ہے، جہاں کا اے کیو آئی 400 کو چھو رہا ہے، جو کہ صحت کے لیے بہت ہی زیادہ نقصان دہ ہے۔ گوجرانوالہ میں اے کیو آئی 300 اور ملتان میں 265 تک پہنچ چکا ہے۔
ماہرین صحت نے شہریوں کو سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ماسک پہننے، غیر ضروری طور پر باہر نہ جانے اور گھروں میں ایئر پیوریفائر کا استعمال بڑھانے کی سفارش کی ہے تاکہ آلودگی کے اثرات سے بچا جا سکے۔
یہ آلودگی نہ صرف سانس کے مسائل پیدا کر رہی ہے بلکہ عوام کی مجموعی صحت پر بھی منفی اثرات مرتب کر رہی ہے، اور اس صورتحال میں بہتری کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔