’’شہرت دماغ پر چڑھ گئی ہے‘‘: مشی خان کا طلحہ انجم کے بھارتی پرچم لہرانے پر ردعمل

05:54 PM, 18 Nov, 2025

کراچی : پاکستانی اداکارہ اور ہوسٹ مشی خان نے نیپال میں گلوکار طلحہ انجم کے بھارتی پرچم لہرانے کے واقعے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

مشی خان نے اپنے انسٹاگرام ویڈیو پیغام میں کہا کہ "لگتا ہے شہرت آپ کے دماغ پر چڑھ گئی ہے۔ ہمارے لوگوں میں عزتِ نفس کی کمی ہے جو ہم اس طرح کی حرکتیں کرتے ہیں۔"

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی فنکار محبت اور امن کی بات ضرور کرتے ہیں، لیکن بھارتی پرچم تھام کر اسے لہرانا بالکل مناسب نہیں، خاص طور پر اس وقت جب بھارت کی طرف سے پاکستان پر مسلسل توہین کی جاتی ہے۔

مشی خان نے وضاحت کی کہ طلحہ انجم کو صرف پرچم پکڑنے پر شکریہ ادا کرنا چاہیے تھا اور اسے ایک طرف رکھ دینا چاہیے تھا، نہ کہ کندھے پر رکھ کر بوسہ دینا۔ ان کے مطابق امن کا پیغام دینا اچھی بات ہے، لیکن خودداری کو قربان نہیں کرنا چاہیے۔

نیپال کنسرٹ کے دوران طلحہ انجم نے بھارتی پرچم نہ صرف لہرایا بلکہ اسے چوم کر کندھے پر رکھا اور کہا کہ "آرٹ کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔" اس واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں اور گلوکار کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔

سوشل میڈیا پر صارفین مشی خان کی حمایت کر رہے ہیں، جبکہ طلحہ انجم کے عمل کو "خودداری کے خلاف" اور "حد سے زیادہ خوشامدانہ" قرار دیا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں