پنجاب میں دفعہ 144 کی مدت میں 7 روز کی توسیع، احتجاج اور اجتماعات پر پابندی برقرار

04:19 PM, 18 Oct, 2025

لاہور : پنجاب بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ کی مدت میں مزید 7 دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔ اس پابندی کے تحت صوبے میں ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیاں، دھرنے اور اجتماعات ممنوع ہوں گے۔

ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق دفعہ 144 کے تحت چار یا اس سے زائد افراد کا عوامی مقامات پر جمع ہونا مکمل طور پر ممنوع ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب بھر میں ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش پر بھی مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ دفعہ 144 کے تحت لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر بھی پابندی ہے، سوائے اذان اور جمعہ کے خطبے کے۔ اشاعتی مواد جس میں اشتعال انگیزی، نفرت یا فرقہ واریت پھیلانے والا مواد شامل ہو، اس کی اشاعت اور تقسیم پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔

تاہم، دفعہ 144 کی پابندی شادی کی تقریبات، جنازہ اور تدفین جیسے اجتماعات پر لاگو نہیں ہوگی۔محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ جمعہ 24 اکتوبر تک جاری رہے گا۔

مزیدخبریں